19 دسمبر ، 2024
رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ذلفی بخاری نے پاکستانی اداروں پر حالیہ امریکی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔
ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس اور 3 تجارتی اداروں پر امریکی پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔
ذلفی بخاری نے کہا کہ جغرافیائی حیثیت کے پیش نظر قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات ناگزیر ہیں۔
ذلفی بخاری نے امریکی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن حکومت اپنی آخری سانسوں میں بھی دہرے معیار برقرار رکھے ہوئے ہے۔
خیال رہے کہ امریکا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کے حوالے سے پاکستان کے چار اداروں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے کہا کہ ان چار پاکستانی اداروں پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد دی ہے۔
امریکی پابندیوں کا شکار ہونے والے پاکستانی اداروں میں اسلام آباد کا نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس اور کراچی میں قائم 3 ادارے اختر اینڈ سنز، ایفیلی ایٹس انٹرنیشنل اور روک سائیڈ انٹرپرائیزز شامل ہیں۔