20 دسمبر ، 2024
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ترجمان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ہاتھ ملایا، گلے لگے تو یہ خوشی سے نہیں کیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے پی فراز مغل کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈاپور صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، وزیراعلیٰ نےامن کی خاطر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے محسن نقوی سےہاتھ ملایا، گلے لگے تو یہ خوشی سے نہیں کیا، ملک وقوم اور قیام امن کی خاطر نہ چاہتےہوئے بھی محسن نقوی سے ملے اور شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وزیراعلیٰ ملے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ کرم میں بچے، بوڑھے اور جوان روزانہ جاں بحق ہورہےہیں، یہ فسادات 1970 سے جاری ہیں، شکر ادا کرنا چاہیےکہ ایسا بندہ وزیراعلیٰ بنا جس نے قدم اٹھایا۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پشاور میں وزیراعلیٰ آفس پہنچے تو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ان کا خیر مقدم کیا اور ملاقات کی۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔