Time 22 دسمبر ، 2024
پاکستان

پولیس کے دعوے کے برعکس صادق آباد کے 2 مغویوں نے اپنی بازیابی تاوان کے بدلے قرار دیدی

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے دو مغویوں نے اپنی بازیابی تاوان کے بدلے قرار دے دی۔

12 روز قبل کشمور روڈ سے صادق آباد کے اغوا کیے گئے سراج احمداور رحمت اللہ کوگزشتہ روزرحیم یار خان پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے ذریعے بازياب کرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

تاہم اب بازیاب ہونے والوں کا کہنا ہے کہ ان کی رہائی 20 لاکھ 10 ہزار تاوان کے بدلے ہوئی۔

مغویوں کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او یوسف ملی ڈاکوؤں کے ساتھ رابطے میں تھا۔

اس حوالے سے ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ بازیاب ہونے والوں سے مخصوص ایجنڈے کے تحت بیان دلائے جا رہے ہیں، پولیس نے مغویوں کی بحفاظت بازیابی کی اطلاع ان کے رشتہ داروں کودی تھی۔

اُدھر صادق آباد سے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے ممتاز چانگ کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی تاوان کے بدلے ہونا پولیس کے منہ پر طمانچہ ہے، پہلے ہی کہا تھا کہ پولیس اور کچے کے ڈاکوؤں کا گٹھ جوڑہے، پولیس میں موجود کالی بھیڑیں لوگوں کے اغوا میں ملوث ہیں۔

مزید خبریں :