Time 06 جنوری ، 2025
پاکستان

شیر افضل اور افنان اللہ آمنے سامنے، بغلگیر ہوکر ایک دوسرے کو بھائی قرار دیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کی راہداری میں دونوں کا آمنا سامنا ہوا جس کے بعد وہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

ایک سوال کے جواب میں شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ ہم سیاسی ورکرز ہیں، ایک واقعہ ہوا اس کے بعد آذربایجان میں اکٹھے ہوئے، ہمارے دلوں میں اب کوئی میل نہیں ہے، دل میں ایک دوسرے کا احترام ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں انہیں چھوٹے بھائی کی طرح سمجھتا ہوں۔

اس کے جواب میں سینیٹر افنان اللہ کا کہنا تھاکہ میں بھی شیر افضل کی بات سے اتفاق کرتا ہوں، یہ میرے بھائی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے بعد دونوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو اللہ حافظ کہا۔ 

خیال رہے کہ 2023 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت اور مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر افنان اللہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے دوران دھینگا مشتی پر اتر آئے تھے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران دونوں ایک دوسرے پر پل پڑےتھے ، پہلے دھکے دیے، ایک دوسرے کو تھپڑ دے مارے اور مکوں کی بارش کردی۔

مارپیٹ کرتے ہوئے دونوں فرش پر گرپڑے، معاملہ ایک دوسرے سے بحث کے دوران تلخ کلامی سے شروع ہوا، جو نازیبا الفاظ سے ہوتا ہوا مار پیٹ تک پہنچ گیا تھا۔

تاہم پروگرام کے سیٹ پر موجود لوگوں نے شیر افضل مروت اور سینیٹر افنان اللہ کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اور دونوں کو علیحدہ کیا تھا اور بعد میں یہ معاملہ عدالت بھی گیا۔

مزید خبریں :