07 جنوری ، 2025
کراچی: محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے گھگھر پھاٹک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے 2 ملزمان گرفتار کرلیے۔
کراچی میں سسی ٹول پلازہ کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ پین کلرگولیوں سے بھری گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔
وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ضبط شدہ ادویات کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا گیا، جس میں انکشاف ہوا کہ ان ادویات سے بڑی تعداد میں آئس کرسٹل اور کوکین تیار کی جاسکتی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے صوبے کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کر دی ہے اور شہروں میں اسنیپ چیکنگ بڑھادی ہے، یہ منشیات فروشوں کے خلاف ہماری جاری جنگ کا حصہ ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول محمد سلیم راجپوت اور سندھ ڈرگز کنٹرول اتھارٹی کے افسران بھی موجود تھے۔