پاکستان

نیو گوادر ائیرپورٹ کا افتتاح، پہلی پرواز لینڈ کرگئی

گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ آج سے آپریشنل ہوگیا جب کہ پہلی پرواز بھی لینڈ کرگئی۔

ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ آپریشنلائیزیشن سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قراردے دیا۔

ترجمان پی اے اے نے اپنے بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ طے شدہ شیڈول کے مطابق آج 20 جنوری کو فعال ہوگیا لہٰذا بارشوں کے باعث نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن منسوخی کی خبریں بے بنیاد ہیں، لوگ افواہوں پرکان نہ دھریں اورمعلومات کے لیے صرف مصدقہ ذرائع پرانحصار کریں۔

 کراچی سے پہلی پرواز گوادر ائیرپورٹ پر لینڈ کرگئی جس کا استقبال گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کیا، قومی ائیر کی پرواز پی کے 503 نے 11:14 بجے نیو گوادر ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

قومی ائیر لائن نے گوادر کی پرواز کے لیے حسب سابق اے ٹی آر طیارہ استعمال کیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے اس پرواز کی کی روانگی میں 45 منٹ تاخیر کی گئی،  پرواز صبح 9:14 کی بجائے 10 بجے روانہ ہوئی، کراچی سے گئی پہلی پرواز کو نیو گوادر ائیرپورٹ پر اترنے پر واٹر سلیوٹ دیا گیا۔

گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے جو 430 ایکڑ پر گوادر شہر سے 26 کلومیٹر دور گورنڈانی کے مقام پر قائم کیا گیا ہے۔ 

50 ارب روپے مالیت سے تعمیر کردہ ائیرپورٹ

نیو گوادر ائیرپورٹ کا ایک ہی رن وے 3658 میٹر طویل اور 75 میٹر چوڑا ہے جس میں بڑے ہوائی جہاز کو ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش ہے۔ لگ بھگ 50 ارب روپے مالیت سے تعمیر کردہ ائیرپورٹ پر ائیر بس اے 380 اور بوئنگ 747 جیسے بڑے طیارے بھی لینڈ کرسکیں گے۔ 

نیو گوادر ائیرپورٹ کا علامتی افتتاح 14 اکتوبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا تاہم ائیرپورٹ پر پروازوں کی باقاعدہ لینڈنگ آج سے شروع ہو رہی ہے۔

مزید خبریں :