Time 27 جنوری ، 2025
دنیا

یہ خوبصورت ملک سیاحت کیساتھ ورک فرام ہوم کرنے والوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار

یہ خوبصورت ملک سیاحت کیساتھ ورک فرام ہوم کرنے والوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار
حکومت کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / اسکرین شاٹ

کیا آپ کسی کمپنی کے لیے ورک فرام ہوم کر رہے ہیں، تو کیا کسی اور ملک میں گھومتے ہوئے ایسا کرنا پسند کریں گے؟

اگر ہاں تو نیوزی لینڈ آپ کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بنتا جارہا ہے یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں۔

ایسے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایسا نیا ویزا پروگرام متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت لوگ وہاں کی سیاحت کے ساتھ بطور ڈیجیٹل نوماڈ اپنا کام بھی کرسکیں گے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اس مقصد کے لیے سیاحوں کے لیے ویزا قوانین کو نرم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ وہاں گھومتے ہوئے ورک فرام ہوم بھی کرسکیں۔

اس نئی پالیسی کا مقصد نیوزی لینڈ کی معیشت اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔

نیوزی لینڈ کی امیگریشن وزیر ایریکا اسٹینفورڈ نے ایک بیان میں بتایا کہ 27 جنوری سے وزیٹر ویزا قوانین کو تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ملکی شہری سیاحت کے ساتھ یہاں کام بھی کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ سیاحوں (ڈیجیٹل نوماڈ) کے لیے نئی مارکیٹ کے طور پر سامنے آیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہمارے ملک کو دیکھیں اور یہاں اپنا کام بھی کریں۔

اس اعلان کے بعد ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ کتنے افراد اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے، مگر دیگر ممالک میں ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرامز بہت زیادہ مقبول ہوئے ہیں اور ہم بھی ایسے افراد کو ہدف بنا رہے ہیں جو کام اور سیاحت دونوں ایک ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے توقع ہے کہ وہ (ڈیجیٹل نوماڈز) یہاں معمول سے زیادہ وقت گزارنا پسند کریں گے اور ہمیں توقع ہے کہ وہ ہمارے ملک کی محبت میں گرفتار ہو جائیں گے'۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی معیشت 2024 کی تیسری سہ ماہی سے تکنیکی طور پر کساد بازاری کا سامنا کر رہی ہے اور حکومت کی جانب سے اسے بہتر بنانے کے ذرائع پر کام کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :