01 فروری ، 2025
ویسے تو سمندر میں فون، کیمرا یا ایسی ہی کوئی چیز گر جائے تو پھر اس کا ملنا لگ بھگ ناممکن ہوتا ہے۔
مگر حیران کن طور پر 8 ماہ پہلے سمندر میں گم ہونے والا کیمرا اس کے مالک تک پھر پہنچ گیا۔
کینیڈا کے علاقے وکٹوریہ کے ساحلی علاقے میں ایک غوطہ خور کین کیلے کے ساتھ یہ اتفاق ہوا۔
کین کیلے نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سمندر میں غوطہ خوری کررہے تھے جب انہوں نے پانی کی سطح سے 30 فٹ نیچے ایک کیمرے کو دریافت کیا۔
انہوں نے دریافت کیا کہ کیمرے کے اندر کچھ پانی چلا گیا ہے مگر ایس ڈی کارڈ بدستور کام کر رہا تھا جس میں متعدد ویڈیوز موجود تھیں جس میں سے ایک کیمرے کی سمندر میں گرنے کی تھی۔
کین کیلے نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب کیمرا سمندر میں گرا تو یہ سیدھا نیچے گیا اور پھر ایک کیکڑا اس کی جانب بڑھا۔
انہوں نے اس کیمرے کی تصاویر اور ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر مالک کو تلاش کرنے کی توقع کے ساتھ پوسٹ کیا، ان کی پوسٹ وائرل ہوئی اور بتدریج کیمرے کے مالک Shay Lalor کی ماں تک پہنچ گئی۔
Shay Lalor کے مطابق ان کی ماں نے کین کیلے کی جانب سے کیمرے میں محفوظ ویڈیوز میں میری آواز کو شناخت کرلیا جس کے بعد کین کیلے اور Shay Lalor کی ملاقات ہوئی اور اس طرح کیمرا 8 ماہ تک سمندر میں رہنے کے بعد اپنے مالک تک پہنچ گیا۔
Shay Lalor نے بتایا کہ 'میں نے سوچا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ کیمرا کسی کو مل جائے مگر یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ مجھے واپس مل جائے گا، یہ دنگ کردینے والا لمحہ ہے'۔