31 جنوری ، 2025
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسزکی کارروائیوں میں 10 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 اور 31 جنوری کو سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایااور آپریشن میں 4 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقوں دتہ خیل، حسن خیل، غلام خان اور میرعلی میں آپریشن کیے گئے، ان چاروں آپریشنز میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا اور ہلاک خوارج ان علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشتگردی میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔