05 فروری ، 2025
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے بھی بات نہ مانی توصدارت چھوڑ دوں گا۔
مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں جنید اکبر کا کہنا تھاکہ سیاسی کارکن ہوں، سیاسی نوکر نہیں، غلط کو غلط اور ٹھیک کو ٹھیک کہہ سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھی بات نہ مانی توصدارت چھوڑ دوں گا، چوروں کو پارٹی میں برداشت نہیں کریں گے، سیاست کوکاروبار نہیں بنائیں گے، ہر کارکن کی رپورٹ بانی پی ٹی آئی تک پہنچاؤں گا۔
جنید اکبر کا کہناتھاکہ جب تک بانی پی ٹی آئی کا اعتماد وزیراعلیٰ پر ہے، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے ہمارے اپنے ہیں، ان کی مضبوطی ملک کی مضبوطی ہے، ہم سے غلطیاں ہوئیں، آج ہم اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں جو آج ہم پرہنس رہے ہیں، کل انھیں بھی اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جنید اکبر کا کہنا تھاکہ لاشیں اور زخمی ہم نے اٹھائے پھر بھی مطالبہ کرتےہیں عدالتی تحقیقات کی جائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹاکر جنید اکبر خان کو ذمہ داری دی ہے۔