Time 05 فروری ، 2025
پاکستان

پاکستان کو جس پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا اس میں ٹھہراؤ آنا خوش آئند ہے: نواز

سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو جس پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا اس میں ٹھہراؤ آنا خوش آئند ہے۔

نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی جس میں گوجرانوالہ، نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع کے ارکان شامل تھے۔ 

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی عمل اور عوامی خدمت کےمنصوبوں پرغور کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو میں نواز شریف کا کہناتھاکہ مہنگائی کی رفتار میں کمی کا آنا معاشی بہتری کااشارہ ہے، اسٹاک ایکسچینج کی بلندی کاروباری اورسرمایہ کار برادری کے اعتماد کی جھلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی طرف سفر کی رفتار کا بڑھنا خوشگوار تبدیلی کی آمدکی علامت ہے، پاکستان کو جس پستی کی طرف دھکیل دیاگیا تھا اس میں ٹھہراؤ آنا خوش آئند ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف وفاق میں بڑی محنت سے کام کر رہے ہیں، مریم نواز وزیراعلیٰ سے بڑھ کر پنجاب میں ایک ماں اور بیٹی کے جذبے سےکام کر رہی ہیں اور اللہ تعالی اُن کا ہاتھ پکڑتا ہے جو نیک نیتی اورمحنت سے اُس کی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہنا تھاکہ نوازشریف کی بیٹی ہونے کے ناطے زیادہ ذمہ داری محسوس کرتی ہوں، مجھ پروزیراعظم شہبازشریف کی مثالی عوامی خدمت کےحوالے سے بھی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ سب کی رہنمائی اور اعتماد ہی ہماری قوت اور کامیابی کی کلید ہے، عوامی خدمت کے معیار اور رفتار سے متعلق ماضی کی روایت آگے بڑھارہےہیں۔

مزید خبریں :