06 فروری ، 2025
گوگل نے تمام صارفین کے لیے زیادہ جدید آرٹی فیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ جیمنائی 2.0 متعارف کرا دیا ہے۔
خیال رہے کہ گوگل نے دسمبر 2024 میں جیمنائی کے اس نئے ماڈل کو متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اس وقت گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے جیمنائی کے نئے ماڈل 2.0 فلیش کو Agentic ٹیکنالوجی کا نیا عہد قرار دیا تھا۔
سندر پچائی نے اس موقع پر ایک بیان میں کہا کہ 'اگر جیمنائی 1.0 تفصیلات کو سمجھنے اور منظم کرنے کے لیے تھا تو جیمنائی 2.0 اس عمل کو بہت زیادہ کارآمد بنا دے گا'۔
واضح رہے کہ Agentic اے آئی سے مراد ایسا سسٹم ہے جو خودمختار طور پر فیصلے کرنے، صارفین کے لیے کام کرنے اور اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق جیمنائی 2.0 نے سابقہ ماڈل کو مختلف شعبوں جیسے کوڈ جنریشن میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اب اس نئے اے آئی چیٹ بوٹ کو تمام صارفین کے لیے باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا گیا ہے۔
کمپنی نے ایک نئے بیان میں بتایا کہ جیمنائی 2.0 فلیش کے تجرباتی ورژن کو گوگل اے آئی اسٹوڈیو، ورٹیکس اے آئی اور جیمنائی ایپ کے لیے جاری کیا گیا ہے جس تک رسائی جیمنائی کے ایڈوانسڈ صارفین کو حاصل ہوگی۔
بیان کے مطابق یہ ہمارا کوڈنگ پرفارمنس اور پیچیدہ پروموٹس کے حوالے سے اب تک کا بہترین ماڈل ہے۔
اب ڈویلپرز اپنی ایپس کو 2.0 فلیش کی مدد سے تیار کرسکیں گے، جس سے صارفین کو گوگل جیمنائی کے زیادہ مؤثر چھوٹے ورژن کو استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔
گوگل نے یہ نیا اے آئی بوٹ اس وقت جاری کیا ہے جب چینی کمپنی ڈیپ سیک کا اے آئی چیٹ بوٹ آر 1 دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
گوگل کے مطابق جیمنائی ایپ کو استعمال کرنے والے صارفین بھی جیمنائی 2.0 فلیش کو تجرباتی طور پر آزما سکتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ جیمنائی کا نیا ورژن بہت خاص ہے کیونکہ یہ صارفین کی تحریری ہدایات کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے پیچیدہ سوالات پر زیادہ بہتر ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
جیمنائی فلیش کے کچھ فیچرز کو گوگل کی دیگر ایپس جیسے میپس، یوٹیوب اور سرچ کا حصہ بھی بنایا جا رہا ہے۔