01 مارچ ، 2012
نوابشاہ… مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو ’گوزرداری گو’کا نعرہ نہ لگتا، حکومت کی غفلت کی وجہ سے دوسروں کو خیرات دینے والے آج خود خیرات مانگنے پر مجبور ہو گئے۔ قاضی احمد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں آتے ہوئے دیکھا کہ گیارہ ہزار ایکڑ پر ابھی تک سیلابی پانی کھڑا ہوا ہے جس سے اندازہ لگا یا جا سکتا ہے کہ حکومت نے بہت بڑی غفلت کا مظاہرہ کیا۔ پنجاب میں طلباء میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انقلاب دیکھنا ہے تو پنجاب کو دیکھیں، ہم سندھ کے طلباء میں بھی لیپ ٹاپ تقسیم کرینگے۔ انہوں نے سوال کیا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو انصاف کیوں نہیں ملتا، حکومت کو اتنی توفیق نہیں کہ کاشتکاروں کی حالت دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب آئیں گے تو سندھ میں بھی ہماری حکومت ہوگی، ہم نے پہلے بھی سندھ سے ڈاکو راج ختم کیا، آئندہ بھی کریں گے۔ جیو نیوز کی سیٹلائٹ وین جلانے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایسا کرنے والے نہ تو پاکستان کے دوست ہیں نہ ہی پیپلز پارٹی کے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے آج بھی 1988کی سیاست ہو رہی ہے، وحیدہ شاہ جیسی خاتون کے ساتھ قانون کے مطابق پیش آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرتے ہیں اور لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے پر مذاق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلی موٹروے کراچی نے نوابشاہ، وہاں سے خیرپور اور پھر پنجاب جائیگی، ہم پاکستان کو ایک کریں گے۔