10 فروری ، 2025
ویسے تو کسی فرد کو ہارٹ اٹیک کا سامنا ہو اور طبی امداد یا فوری اقدامات سے اس کی جان بچالی جائے تو بھی اس کے لیے فوراً کھڑے ہوکر کچھ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
مگر چین میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کو دنگ کر دیا ہے۔
وسطی چین کے ایک ریلوے اسٹیشن میں ایک شخص ہارٹ اٹیک کے باعث زمین پر گرگیا اور ابتدائی طبی امداد دیکر اسے بچا لیا گیا تو اس نے ہوش میں آتے ہی کہا کہ 'مجھے فوراً دفتر کے لیے جانا ہے'۔
یہ واقعہ 4 فروری کو اس وقت پیش آیا جب چین میں 8 روزہ بہار میلے کی تعطیلات کا آخری دن تھا۔
صوبہ ہوننان کے شہر Changsha میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر موجود شخص ٹرین میں سوار ہونے والے افراد کی قطار میں کھڑا تھا اور اچانک ہی زمین پر گرگیا۔
ریلوے اسٹیشن کے عملے اور ایک مقامی طبی مرکز سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر زمین پر گر جانے والے شخص کی مدد کے لیے آگے آئے۔
اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، اس کی عمر 40 سال سے اوپر تھی اور 20 منٹ کی کوششوں کے بعد اسے ہوش آگیا۔
ہوش میں آنے کے بعد اس نے جو اولین الفاظ کہے اس نے سب کو دنگ کر دیا۔
اس شخص نے کہا کہ 'مجھے ہائی اسپیڈ ٹرین پر سوار ہونا ہے کیونکہ میرا دفتر پہنچنا ضروری ہے'۔
اس شخص کا کہنا تھا کہ اس کے خیال میں اسپتال جانا ضروری نہیں۔
وہاں موجود ڈاکٹر نے کہا کہ گرنے سے اسے چوٹیں لگی ہیں اور جسمانی معائنہ اس کی زندگی کے لیے ناگزیر ہے جس کے لیے اسپتال جانا ضروری ہے۔
ڈاکٹر کے اصرار پر وہ شخص ایمبولینس پر سوار ہونے کے لیے تیار ہوگیا۔
اس شخص کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور چین بھر میں انٹرنیٹ صارفین دنگ رہ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ شخص معاشرے میں اکیلا نہیں بلکہ ہم میں سے بیشتر افراد کو گھریلو اخراجات کے بھاری بوجھ کا سامنا ہے اور ہر ایک کے لیے زندگی آسان نہیں۔