Time 07 فروری ، 2025
دلچسپ و عجیب

کیا خواتین واقعی مردوں سے زیادہ بولتی ہیں؟ نئی تحقیق کے نتائج دنگ کر دیں گے

کیا خواتین واقعی مردوں سے زیادہ بولتی ہیں؟ نئی تحقیق کے نتائج دنگ کر دیں گے
ایک تحقیق میں اس حوالے سے دلچسپ انکشاف کیا گیا / فائل فوٹو

ایسا مانا جاتا ہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ باتیں کرتی ہیں اور یہ تاثر پوری دنیا میں عام ہے۔

مگر کیا یہ واقعی درست ہے؟ اس سوال کا جواب ایک نئی دلچسپ تحقیق میں دیا گیا۔

امریکا کی ایریزونا یونیورسٹی کی تحقیق میں اس سوال کا جواب دیا گیا۔

اس یونیورسٹی کی 2007 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ یہ خیال غلط ہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ بولتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق درحقیقت روزانہ اوسطاً مردوں اور خواتین کی جانب سے 16 ہزار الفاظ بولے جاتے ہیں۔

اب زیادہ بڑے پیمانے پر ایریزونا یونیورسٹی کے ماہرین نے تحقیق کو آگے بڑھایا تاکہ سابقہ نتائج کی ٹھوس تصدیق ہوسکے۔

تحقیق کے مطابق نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ خواتین زیادہ باتیں کرنا پسند کرتی ہوں مگر ایسا صرف عمر کے مخصوص حصے میں ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ دنیا بھر میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ بولنا پسند کرتی ہیں، ہم نے اسی کو جانچنے کی کوشش کی گئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ عمر کے مخصوص میں خواتین مردوں کے مقابلے میں اوسطاً 3 ہزار الفاظ زیادہ بولتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق 10 سے 17 سال، 18 سے 24 اور 65 سال یا اس کے بعد کی عمر کی خواتین مردوں جتنا ہی بولتی ہیں۔

مگر 25 سے 65 سال کی عمر کے درمیان مخصوص دورانیے کے دوران وہ مردوں کے مقابلے میں اوسطاً روزانہ 3 ہزار الفاظ زیادہ بولتی ہیں۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ موجودہ عہد زیادہ تر افراد کم بولنے کے عادی ہو رہے ہیں اور ایسا ممکنہ طور پر ڈیجیٹل کمیونیکیشن پر انحصار بڑھنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

اس تحقیق کے لیے 22 مختلف تحقیقی رپورٹس کا حصہ بننے والے 6 لاکھ 30 ہزار مردوں اور خواتین کے بولنے کی عادات کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ان افراد کی عمریں 10 سے 94 سال کے درمیان تھیں۔

محققین نے دریافت کیا کہ 25 سے 64 سال کے درمیان کا حصہ عمر کا وہ وقت ہوتا ہے جب خواتین اوسطاً روزانہ 21845 الفاظ بولتی ہیں جبکہ مردوں کے بولے جانے والے الفاظ کی تعداد 18570 ہوتی ہے۔

محققین نے تسلیم کیا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ 40 سال کے اس عرصے میں خواتین کیوں زیادہ بولنا پسند کرتی ہیں مگر ایک امکان ہے کہ یہ عرصہ بچوں کی پرورش کا ہوتا ہے اور اکثر خواتین ہی ان کی نگہداشت کی ذمہ داری ہوتی ہے، جس کے باعث ہوسکتا ہے کہ انہیں زیادہ بولنا پڑتا ہو۔

انہوں نے بتایا کہ بظاہر زندگی کے مخصوص حصے میں خواتین زیادہ بولتی ہوئی نظر آتی ہیں مگر عمر میں اضافے کے ساتھ خواتین اور مرد دونوں ہی کم بولنا شروع کر دیتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف پرسنلٹی اینڈ سوشل سائیکولوجی میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :