17 فروری ، 2025
خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ کرم میں قیام امن کیلئے جامع منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے اور شرپسندوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
جیو نیوز سے کرم صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کا کہناتھاکہ کرم امن معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد ہوگا اور کرم میں قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرم میں قیام امن کیلئے جامع منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے اور شرپسندوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، شرپسند اور ان کے حامیوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ کرم میں امن تمام اقوام کے مفاد میں ہے، شرپسند عوام کی تکالیف میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہاکہ قبائلی عوام اپنی سر زمین دہشتگردوں کو استعمال نہ کرنے دیں، قبائلی عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔
خیال رہے کہ ضلع کرم میں لوئرکرم کے علاقوں میں امدادی سامان کی گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور اکرم خان جاں بحق ہوگیا۔
آج صبح کھانے پینےکی اشیا،ادویات اور دیگر سامان سےلدی گاڑیوں ضلع ہنگو سےضلع کرم کیلئے روانہ ہوئی تھیں، لوئرکرم پہنچنےپربگن، اوچت، مندوری، ڈاڈ قمر، چارخیل سمیت7 مقامات پر قافلے پر حملے کیے گئے تھے۔ ان حملوں ٹرک ڈرائیوروں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے۔ْ