05 مارچ ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہاہے کہ سانحہ کراچی کوئٹہ کے واقعات کا تسلسل ہے۔ کالعدم تنظیموں کے افراد کارروائی کے بعد پنجاب چلے جاتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھاکہ وہ کل ایوان میں تمام حقائق پیش کریں گے۔ اور بتائیں گے کہ لشکر جھنگوی نے کوئٹہ اور کراچی کو کیوں چنا ہے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دشمن اسی وقت فائدہ اٹھاتے ہیں جب سیکورٹی سخت نہیں ہوتی ،دہشتگردی کے واقعات انتخابات ملتوی کرانے کی بھی سازش ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ دہشتگردی کے منصوبوں میں تحریک طالبان پاکستان کے علاوہ دیگر عناصر بھی ملوث ہیں۔دہشت گردی کے خاتمے کے لائحہ عمل کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو بھی بلایا جائے۔