01 مارچ ، 2012
اسلام آباد … چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ معاشرے میں آئین، قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے آزاد عدلیہ ضروری ہے، آزاد، غیر جانبدار عدلیہ قانون کی حکمرانی اور اداروں کے استحکام کاباعث ہوتی ہے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا ہے کہ آئین ملک کااعلیٰ ترین قانون ہے جو مختلف اداروں کی تشکیل اوراختیارات کی وضاحت کرتا اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ عدلیہ قوانین اور آئین کی تشریح کرتی ہے، ریاست کے ستونوں کو آئینی حدود میں ہم آہنگی سے کام کرناہوتاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئی معاشرہ قانون پر عمل کئے بغیر امن اور ہم آہنگی سے نہیں رہ سکتا، معاشرے میں آئین، قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے آزاد عدلیہ بہت ضروری ہوتی ہے، آزاد، غیر جانبدار عدلیہ قانون کی حکمرانی اور اداروں کے استحکام کا باعث بنتی ہے۔