23 فروری ، 2025
سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی ایک ہی حکمت عملی ہونی چاہیے کہ اٹیکنگ کھیل کھیلیں۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کا کراوڈ زیادہ ہوتا ہے اور جب اٹیک نہیں کرتے تو دباؤ بڑھ جاتا ہے، بھارت دنیا کی ایک بہترین ٹیم ہے اسے دباؤ میں لانا بہت ضروری ہے۔
مدثر نذر نے کہا کہ بھارتی ٹیم جب دباؤ میں آتی ہے تو کراؤڈ اور میڈیا بھی دباؤ میں آجاتا ہے، بھارتی ٹیم جتنی اچھی ہے اتنی حال ہی میں اس کے پاس ٹرافیاں نہیں ہیں، پاکستان کے پیسرز سے بدقسمتی سے ریورس سوئنگ اتنی نہیں ہو رہی جتنی ہونی چاہیے، مجھے لگتا ہے کہ ان میں اعتماد کی کمی ہے، وہ فرسٹ کلاس بھی نہیں کھیلتے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی اگرچہ فارم اچھی نہیں ہے لیکن انہوں نے دو تین پچاس کر رکھے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں دو وکٹیں جلد گرنے اور فخر زمان کے لیٹ آنے سے فرق پڑا۔
مدثر نذر نے کہا کہ امید ہے بھارت کے خلاف میچ میں بابر اعظم بڑی اننگز کھیلیں گے۔