Time 23 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا کی پہلی حقیقی پرواز کرنے والی منفرد گاڑی، اولین اڑان کی ویڈیو دیکھیں

سائنس فکشن فلموں جیسی یہ گاڑی آپ کو ٹریفک جام سے بچانے میں مددگار ثابت ہوگی کیونکہ یہ زمین پر دوڑنے کے ساتھ فضا میں پرواز کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

امریکی کمپنی الیف ایرو ناٹیکس نے اپنی پہلی اڑنے کی صلاحیت رکھنے والی گاڑی کی اڑان کی آزمائش کی ہے۔

اس گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پرواز میں مدد فراہم کرنے والے ونگ یا پر موجود نہیں۔

الیف ماڈل اے نامی گاڑی کی اولین پرواز کی آزمائش گزشتہ دنوں ہوئی اور کمپنی کی جانب سے اس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔

ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا کہ یہ دنیا میں پہلی بار ہے جب ایک اڑنے والی حقیقی گاڑی نے اڑان بھری۔

اس گاڑی نے ہیلی کاپٹر کی طرح ٹیک آف کیا اور اسی طرح لینڈ بھی کیا۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو Jim Dukhovny نے بتایا کہ ان سے متعدد بار پوچھا گیا کہ اب تک کمپنی کی فلائنگ کار کی پرواز کی کوئی ویڈیو کیوں نہیں جاری کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم ہر چیز کو عوام کے سامنے نہیں لاسکتے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس گاڑی کی حقیقی خصوصیات اس وقت تک سامنے نہ آئیں جب تک ہم اسے فروخت کے لیے پیش نہیں کردیتے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے Santa Mateo میں اس گاڑی نے اڑان بھری۔

گاڑی کی آزمائش سے قبل کمپنی نے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا تھا تاکہ کسی گڑبڑ کی صورت میں کوئی نقصان نہ ہو۔

یہ الیکٹرک گاڑی سڑک پر 200 میل جبکہ فضا میں 110 میل کا سفر طے کرسکے گی۔

دیکھنے میں یہ کسی سائنس فکشن فلم کی گاڑی لگتی ہے جس کا کیبن اس طرح ڈیزائن کیا گیا کہ پرواز کے دوران ہوا میں اس کی حرکت مستحکم رہے جبکہ اس کا اندرونی سسٹم ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی پرواز میں مدد فراہم کرتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ گاڑی کسی ہیلی کاپٹر کی طرح ٹیک آف اور لینڈ کرسکے گی جبکہ 90 کلوگرام تک وزنی مسافر اس میں سفر کرسکیں گے۔

چونکہ اس میں ونگ نہیں تو یہ کسی ڈرون کی طرح پرواز کرسکے گی جس کے پروپیلر پرواز میں مددگار ثابت ہوں گے۔

اس میں ایک وقت میں ایک ہی فرد سفر کرسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ اڑن گاڑی ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں انقلاب برپا کرے گی اور دنیا بھر میں ٹریفک کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

البتہ کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس گاڑی کو کب تک عام فروخت کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔

یہ کمپنی ہائیڈروجن فیول سیلز سے چلنے والی گاڑی کو بھی تیار کرنا چاہتی ہے جو کہ 400 میل تک سفر کرسکے گی۔

مزید خبریں :