Time 20 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

ایکس کے نئے اے آئی چیٹ بوٹ گروک 3 کو آپ مختصر وقت تک مفت استعمال کرسکتے ہیں

ایکس کے نئے اے آئی چیٹ بوٹ گروک 3 کو آپ مختصر وقت تک مفت استعمال کرسکتے ہیں
ایلون مسک نے اس کا اعلان کیا / اسکرین شاٹ

ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے گزشتہ دنوں نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل گروک 3 متعارف کرایا تھا۔

اس موقع پر ایلون مسک نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اب تک دنیا میں متعارف کرائے جانے والا سب سے اسمارٹ اے آئی چیٹ بوٹ ہے، جس کا مقابلہ دیگر چیٹ بوٹس نہیں کرسکتے۔

کمپنی کے مطابق یہ نیا اے آئی چیٹ بوٹ ہر ماہ 40 ڈالرز فیس ادا کرنے والے ایکس کے پریمیئم پلس صارفین کو دستیاب ہوگا۔

مگر اب آپ مختصر وقت کے لیے گروک 3 کو مفت استعمال کرسکتے ہیں۔

اس بات کا اعلان ایکس اے آئی کے بانی ایلون مسک نے ایک ایکس پوسٹ میں کیا۔

البتہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ مختصر وقت درحقیقت کتنے دنوں یا گھنٹوں پر مشتمل ہے۔

جب آپ ایکس ایپ پر گروک پر کلک کریں گے یا ویب ورژن پر اسے استعمال کریں گے تو ایک ایپ لانچ ہوگی جس میں آپ نئے تھنک اور ڈیپ سرچ کے آپشنز دیکھ سکتے ہیں۔

البتہ آپ کو ڈراپ ڈاؤن مینیو میں جاکر اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آپ گروک 2 نہیں بلکہ گروک 3 استعمال کر رہے ہیں۔

مفت صارفین کو گروک 3 میں محدود فیچرز دستیاب ہوں گے۔

ایکس اے آئی کے مطابق تھنک آپشن انسانوں جیسی منطق ظاہر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے آپ پیچیدہ سوالات پوچھ سکتے ہیں۔

اسی طرح ڈیپ سرچ کو کمپنی کی جانب سے اگلی نسل کا سرچ انجن قرار دیا گیا ہے جو کہ تحقیقی انکوائریز کی سمریز تیار کرسکتا ہے۔

مزید خبریں :