19 فروری ، 2025
اسمارٹ فونز کا استعمال موجودہ عہد میں بیشتر افراد کر رہے ہیں اور اکثر کہا جاتا ہے کہ اس کے زیادہ استعمال سے جسمانی و دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اسمارٹ فون کی ایک سیٹنگ کے ذریعے آپ دماغی عمر کو 10 سال کم کرسکتے ہیں؟
جی ہاں واقعی ایسا ممکن ہے اور یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔
امریکا کی ٹیکساس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اسمارٹ فون کی ایک سیٹنگ کے ذریعے آپ توجہ مرکوز کرنے، نیند، تعمیری صلاحیتوں اور دیگر کو زیادہ بہتر بناسکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اگر آپ اسمارٹ فون میں روزانہ کچھ وقت کے لیے موبائل انٹرنیٹ سیٹنگ کو ٹرن آف کر دیں تو اس سے دماغی صحت، توجہ مرکوز کرنے اور مجموعی شخصیت پر نمایاں مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں 467 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی اوسط عمر 32 سال تھی اور وہ اسمارٹ فونز استعمال کرنے عادی تھے۔
ان افراد کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایک ماہ کے لیے ایسی ایپ کو انسٹال کریں جو موبائل انٹرنیٹ کو بلاک کردے جبکہ کالز یا ٹیکسٹ کی سہولت برقرار رہے۔
اس طرح ان افراد کو بے مقصد اسکرولنگ، سوشل میڈیا سرنگ اور نوٹیفکیشنز سے بچنے میں مدد ملی.
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ موبائل انٹرنیٹ بند ہونے کے 2 ہفتوں بعد ہی ان افراد کی جانب سے خوشی کے احساس میں اضافے کو رپورٹ کیا گیا، زندگی کے حوالے سے ان کا اطمینان بڑھ گیا جبکہ وہ دماغی طور پر خود کو صحت مند ماننے لگے۔
تحقیق کے مطابق ان افراد میں عمر میں اضافے سے ہونے والی دماغی تنزلی کا عمل بھی تھم گیا بلکہ دماغی عمر 10 سال تک کم ہوگئی۔
ایک تخمینے کے مطابق اسمارٹ فون صارفین اوسطاً روزانہ 5 گھنٹے اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہوئے گزارتے ہیں۔
اسی لیے اس تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ اگر لوگوں کو کچھ وقت کے لیے انٹرنیٹ سے دور کر دیا جائے تو پھر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
محققین نے دریافت کیا کہ ایسا کرنے سے دماغی صحت کے ساتھ ساتھ نیند کا معیار اور دورانیہ بھی بہتر ہوتا ہے۔
مگر انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ لوگوں کے لیے اسمارٹ فونز میں انٹرنیٹ کو مکمل طور پر بند رکھنا آسان نہیں اور تحقیق میں شامل صرف 25 فیصد افراد انٹرنیٹ کو 2 ہفتے تک مکمل طور پر بلاک رکھنے میں کامیاب رہے۔
محققین نے تسلیم کیا کہ موبائل انٹرنیٹ کو مکمل طور پر بند رکھنا ہر ایک کے لیے ممکن نہیں ہوگا مگر انہوں نے مشورہ دیا کہ روزانہ کچھ وقت کے لیے ایسا کرنے سے بھی دماغی صحت کو فائدہ ہوسکتا ہے۔