کھیل
05 مارچ ، 2013

کے ایم سی انڈو پاک اسنوکر سیریز:شہر کے حالات کے باعث ملتوی

کراچی…شکیل یامین کانگا… پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے مسلسل واقعات سے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں جو ٹیمیں اور کھلاڑی پاکستان آنا بھی چاہتے ہیں تو دہشت گرد انسانی خون کی ہولی کھیل کر انہیں پاکستان نہ آنے کا واضح پیغام دے رہے ہیں۔ ہمارے حساس اداروں کی نااہلی کی وجہ سے بھارتی اسنوکر ٹیم نے بھی کراچی آنے سے انکار کردیا۔ کے ایم سی انڈو پاک اسنوکر سیریز 7مارچ سے کراچی میں شروع ہونا تھی۔کراچی میں عباس ٹاؤن کے حالیہ دھماکے میں درجنوں افراد کے لقمہ اجل بن جانے اور کشیدہ صورحال کے باعث پاک بھارت اسنوکر سیریز ملتوی کردی گئی ہے، بھارتی ٹریول ایڈوائزری کمیٹی نے کھلاڑیوں کو سختی سے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد اسنوکر سیریز ملتوی کردی گئی۔ پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ چار بھارتی کیوئسٹ کو پیر کی رات پاکستان کے ویزے جاری کئے گئے تھے اور تمام انتظامات مکمل تھے لیکن بھارتی حکام نے کراچی کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے کھلاڑی کو کراچی جانے سے روک کردیا میری بھارتی اسنوکر فیڈریشن اور کھلاڑیوں سے ٹیلی فون پر بات ہوئی وہ بھی شدید پریشانی کے عالم تھے، کھلاڑیوں کی فیملیز نے بھی انہیں کراچی جانے سے روک دیا ہے۔ اس سب کو بدقسمتی ہی کہا جاسکتا ہے۔دریں اثناء پاکستان میں اسکواش کی سرگرمیاں جاری ہیں، یہاں انٹرنیشنل ایونٹس بھی ہورہے ہیں جن میں مقامی کھلاڑی حصہ لے ہیں، انٹرنیشنل اسکواش فیڈریشن حالات صحیح نہ ہونے کی وجہ سے غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان کا سفر کرنے سے منع کررہی ہے، جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری عبدالوہاب مروت نے بتایا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے کہ انٹرنیشنل اسکواش فیڈریشن پاکستان میں کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے، لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے اور پے درپے ملک میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات کی وجہ اسکواش کی عالمی تنظیمیں پاکستان میں کھلاڑیوں کو سفر کرنے سے منع کررہی ہیں۔

مزید خبریں :