Time 26 فروری ، 2025
کھیل

'ایک سال میں ٹیم کھڑی کرکے دکھاؤں گا'، سابق بھارتی کرکٹرکی پاکستان ٹیم کو کوچنگ کی پیشکش

ایک سال میں ٹیم کھڑی کرکے دکھاؤں گا، سابق بھارتی کرکٹرکی پاکستان ٹیم کو کوچنگ کی پیشکش
فوٹو: فائل

سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ کے والد سابق کرکٹر  یوگراج سنگھ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو کوچنگ کی پیشکش کردی۔

سابق بھارتی کرکٹر اور اداکار یوگراج سنگھ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو کوچنگ کی پیشکش ایسے وقت کی ہے جب چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان گروپ مرحلے سے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکا ہے۔

پاکستان ٹیم کو پہلے نیوزی لینڈ اور پھر بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد سابق پاکستانی کرکٹرز  اور تجزیہ کاروں کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں یوگراج سنگھ 'جو کہ اپنی کرکٹ اکیڈمی بھی چلارہے ہیں' نے  پاکستان ٹیم پر تنقید کرنے والے سابق پاکستانی کرکٹرز کو بھی نشانہ بنایا۔

یوگراج سنگھ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی ٹیم کے بارے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ یوگراج سنگھ نےکہا کہ مجھے کوچنگ کے لیے ٹیم دیں میں ایک سال میں ٹیم کھڑی کرکے دکھاؤں گا، تم سب یاد رکھو گے۔

سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ سب جزبے کی بات ہے، میں یہاں اکیڈمی میں روز  12 گھنٹے دیتا ہوں، بڑے بڑے دعوےکرنا بہت آسان ہے، آپ کو اپنے ملک کے لیے خون پسینہ دینا پڑتا ہے۔

یوگراج سنگھ کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کو چاہیےکہ وہ کمنٹری چھوڑ کر  اپنے ملک جائیں اور ان کھلاڑیوں کے لیے کیمپ لگائیں، میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ کتنے لوگ (سابق پاکستانی کھلاڑی) پاکستان ٹیم کی مدد کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ ورلڈکپ جیت سکے، اگر نہ ہو تو استعفیٰ دے دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کمنٹری بکس میں بیٹھ کر باتیں کرنا بہت آسان ہے لیکن میدان میں جاکر مسائل حل کرنا آسان نہیں ہے، کیا کوئی عمران خان کی طرح ہے جو نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی کرے۔ وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر  ٹیلنٹ کے بارے میں بات کر رہے ہیں، پاکستان ٹیلنٹ سے بھرا پڑا ہے، آپ لوگوں کو بھی کسی نے شناخت کیا تھا اور کسی کی مدد سے آپ لوگ اچھے کرکٹر بنے۔

یوگراج سنگھ نے مزید کہا کہ مجھے بالکل پسند نہیں کہ کسی بھی ملک کا کوئی بھی شخص اپنے کھلاڑیوں کے بارے میں ایسی باتیں کرے۔

خیال رہے کہ یوگراج سنگھ نے 81-1980 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران بھارت کے لیے ایک ٹیسٹ اور 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل رکھے ہیں۔

مزید خبریں :