27 فروری ، 2025
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانےکے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور ابوظبی کے ولی عہد کے درمیان ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک سیاسی تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، ازبکستان میں ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے لائن منصوبے پر بات چیت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے لائن منصوبے سے گوادر اور ابوظبی پورٹس کو فائدہ ہوگا، ریلوے لائن منصوبہ خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔
ابوظبی کے ولی عہد نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے یو اے ای اور پاکستان کے درمیان ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کا مشاہدہ کیا، دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ،کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ایم او یوز پر دستخط ہوئے، ریلویز اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ایم او یوز اور معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔