28 فروری ، 2025
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ، اُسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا۔
لاہور میں مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کےصوبائی عہدیداروں نے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کی۔
زاہد خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں نواز شریف کا کہنا تھا ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لیے ناگزیر ہوتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ، اُسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا۔پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان کا دل ہے ، وہاں کے عوام نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ معیشت میں ڈھالنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کام کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ زاہد خان نے نواز شریف کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا اور بھرپورسیاسی کردار ادا کرنے کاعزم کیا۔