01 مارچ ، 2012
اسلام آباد … امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ تعلقات باہمی احترام، برابری اور باہمی مفادات پر مبنی چاہتا ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق امریکا میں مقیم پاکستانی سفیر شیری رحمان نے وزیراعظم کو پاک امریکا تعلقات کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات بہت اہم ہیں۔ پاکستان، امریکا کے ساتھ تعلقات باہمی احترام، برابری اور باہمی مفادات پر مبنی چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے شیری رحمان کو ہدایت کی کہ وہ امریکا میں مقیم پاکستانی برادری سے رابطے میں رہیں، امریکا میں مقیم پاکستانی برادری پاکستان کی معیشت میں گرانقدر حصہ ڈالنے کا اہم ذریعہ ہے۔