27 دسمبر ، 2024
مفت آن لائن لرننگ سے متعلق دنیا کی معروف آن لائن تعلیمی درس گاہ خان اکیڈمی کا پاکستان میں افتتاح کردیا گیا۔
کراچی کے نجی ہوٹل میں افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور کارپوریٹ رہنماؤں نے خان اکیڈمی کے اے آئی لرننگ ٹولز "خان میگو" کی رونمائی کی۔
اکیڈمی کے بانی سلمان خان نے کہا ہم مل کر پاکستان کے نوجوانوں کی ناقابل یقین صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکتے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد اے آئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لاکھوں اساتذہ اور پاکستانی طلباء کو اعلیٰ معیار کی، قابل رسائی اور ذاتی تعلیم کی فراہمی ہے۔
چیئرپرسن عثمان راشد کا کہنا ہے کہ کیپ ایک اقدام سے بڑھ کر ہے، یہ ہمارے بچوں اور ہمارے مستقبل کے لیے ایک عہد ہے۔
کیپ کے سی ای او ذیشان حسن کے مطابق کیپ کا آغاز مساوی تعلیم کی جانب ایک انقلابی قدم ہے، ہمارا مشن ملک بھر میں طلباء اور اساتذہ کو جدید سہولتوں کی فراہمی کیساتھ بااختیار بنانا ہے جو سیکھنے اور ترقی کی ترغیب دیتے ہیں۔
کیپ کی جانب سے2025میں اسٹوڈنٹ پائلٹ کے دوسرے راؤنڈ میں دیگر معروف نجی اسکول نیٹ ورکس کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس کے بورڈ ممبران میں عثمان رشید، نعیم زمیندار، امین ہاشوانی، میر ابراہیم رحمٰن، ریحان جلیل، مبارک امام اور بلال مشرف شامل ہیں۔ کیپ کو دنیا بھر سے معاون پاکستانیوں کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔ خان اکیڈمی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو ہر ایک کو عالمی معیار کی مفت تعلیم فراہم کرتی ہے۔
متعدد زبانوں میں وسائل کے ساتھ خان اکیڈمی ہر سال دنیا بھر کے100ملین سے زائد صارفین تک رسائی حاصل کرتی ہے۔