01 مارچ ، 2012
اسلام آباد … برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی اینڈریو مچل نے کہا ہے کہ پاکستان میں سول حکمرانی نے جڑیں پکڑ لی ہیں اور موجودہ حکومت کے مدت پوری کرنے سے جمہوری اداروں کو استحکام ملے گا۔ اینڈریو مچل نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ برطانوی وزیر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ وزیراعظم نے کہاہے کہ پاکستان، افغانستان میں امن کیلئے مفاہمتی پالیسی کی حمایت کرتا ہے، اسی لیے افغان صدرکرزئی کی درخواست پر تمام طالبان گروپس سے مفاہمتی عمل میں شریک ہونے کی اپیل کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ان کی حکومت نے احتساب بل اتفاق رائے سے پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور موجودہ دور حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں۔ اینڈریو مچل نے کہاکہ وہ وزیراعظم گیلانی کے دورہ برطانیہ کے شدت سے منتظر ہیں۔