01 مارچ ، 2012
کوئٹہ…نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سینیٹ انتخابات کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی پیر عبدالقادرکا 65کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراء کے عوض انتخابات میں پی پی پی کے امیدوارکے حق میں ووٹ کاسٹ کرنے کا اعلان کھلی ہارس ٹریڈنگ ہے، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن اس صورتحال کا نوٹس لے ترجمان نیشنل پارٹی نے جیو نیوز کو بتایا کہ سینیٹ انتخابات کے موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ق کے رکن اسمبلی پیر عبدالقادر گیلانی کے 65کروڑ روپے کے فنڈز کا اجراء اور رکن اسمبلی کا اعلانیہ یہ کہنا کہ ان کے فنڈز انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کے عوض جاری کیے گئے ہیں بدترین ہارس ٹریڈنگ ہے اور انتخابات میں حکومتی دباو کا کھلا ثبوت ہے، ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں حکومتی مداخلت اور ووٹوں کی خریدوفروخت نے تمام سیاسی و اخلاقی حدود کو پارکرلیا ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے موقع پر حکومتی رویہ و دباؤ اور بعض اراکین اسمبلی کے رشتہ داروں کا اغواء انتخابات کے جمہوری و منصفانہ ہونے پر سوالیہ نشان ہے، انہوں نے اپیل کی کہ سپریم کورٹ، بلوچستان ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان اس غیر قانونی اقدام کو نوٹس لیتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی پیر عبدالقادر کے ووٹ ڈالنے پر پابندی عائد کریں۔