07 مارچ ، 2013
لاہور… تحریک انصاف ضلع لاہوراور10ٹاوٴنزکے صدور اور جنرل سیکریٹریز کی سیٹوں کیلئے پارٹی الیکشن آج دوبارہ ہو رہے ہیں،اس سلسلہ میں ایوان اقبال میں پولنگ کاعمل جاری ہے۔تحریکِ انصاف کے ذرائع کے مطابق ضلع لاہورکے پارٹی الیکشن میں ضلع اور ٹاوٴنز کی سیٹوں کیلئے آج دوبارہ پولنگ جاری ہے ،پولنگ صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوگی،یہ الیکشن ان سیٹوں پر دوبارہ کرایا جارہاہے جن کے بیلٹ پیپرز پہلے پارٹی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے دفتر کسان ہال میں ہنگامہ آرائی کے دوران پھاڑ دیئے گئے تھے،ذرائع کے مطابق یونٹی گروپ کے سربراہ تحریک انصاف ضلع لاہور کے نو منتخب صدر عبدالعلیم خان اور نظریاتی گروپ کے سربراہ سابق صدر لاہور میاں محمودالرشیدبھی ایوانِ اقبال میں اپنے امیدواروں کیساتھ موجود ہوں گے۔