01 مارچ ، 2012
کوئٹہ … بلوچستان سے سینیٹ کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی کی اقلیتی امیدوار حناگلزار نے الیکشن سے صرف ایک روز قبل ٹکٹ واپس لئے جانے پر چراغ پا ہو کر الزام عائد کیا کہ محض چند کروڑ روپوں کی خاطر سینیٹ انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدوار کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی انفارمیشن سیکریٹری خواتین ونگ ڈسٹرکٹ کوئٹہ حنا گلزار نے کہا ہے کہ سینیٹ کیلئے مجھے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے باقاعدہ ٹکٹ دیا تھا مگر اچانک مجھ سے ٹکٹ لے کر کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک ایسے شخص ڈاکٹر رمیش کمار کو اقلیتی نشست پر نامزد کیا گیا ہے جس کا تعلق پیپلز پارٹی سے نہیں ہے اور نہ ہی کبھی وہ کوئٹہ میں رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر رمیش کمار کو سینیٹ الیکشن کے لئے اثرو رسوخ استعمال کرنے والے افراد کی پشت پناہی حاصل ہے اور اس نے اسمبلی اراکین کو خرید کر پیپلز پارٹی میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر بے اختیار ہیں ان کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کیا جاتا ہے۔ مس حنا گلزار نے واضح طور پر اعلان کیا کہ وہ دو مارچ کو سینیٹ الیکشن میں میں بھرپور انداز میں حصہ لیں گی اور دستبردار نہیں ہوں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے باضمیر ارکان اسمبلی انہیں ہی ووٹ دینگے۔