08 مارچ ، 2013
حیدرآباد…حیدرآباد میں صدرمملکت آصف علی زرداری کی 9 مارچ کو متوقع آمد کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے نیاز اسٹیڈیم ، رانی باغ اور حیدرآباد کلب کو دو روز کے لئے بند رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے صدر آصف زرداری کی متوقع آمد کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے شروع کردیئے۔ صدر مملکت کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لئے نیازاسٹیڈیم میں ہیلی پیڈ بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس سلسلہ میں 9 مارچ کو نیاز اسٹیڈیم میں حیدرآباد اور کوئٹہ کے درمیان ہونے والا ایک روزہ میچ بھی روک دیا گیا ہے، جبکہ نیاز اسٹیڈیم کے علاوہ رانی باغ اور حیدرآباد کلب کو بھی جمعہ اور ہفتہ کو بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حیدرآباد کلب میں صدر زرداری کی تقریبات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جہاں وہ مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کریں گے۔ حیدرآباد کلب اور نیاز اسٹیڈیم کی قسمت جاگ اٹھی ہے ، کسی جگہ رنگ وروغن ہورہا ہے تو کسی جگہ پرصفائی اور سڑکو ں کی پیوند کاری ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ نیاز اسٹیڈیم ماضی میں وی آئی پی شخصیات کی آمد کے موقع پر ہیلی پیڈ اور شادی بیاہ کے لئے استعمال ہوتا تھا تاہم سپریم کورٹ کے نوٹس کے بعد سابق ضلع ناظم کنور نوید جمیل نے 2007ء میں اسے اپ گریڈیشن کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کردیا تھا۔