پاکستان
08 مارچ ، 2013

کراچی: دن بھر میں 9افراد قتل، متعدد مشکوک افراد زیر حراست

کراچی: دن بھر میں 9افراد قتل، متعدد مشکوک افراد زیر حراست

کراچی…کراچی میں لیاری کے علاقوں موسیٰ لین، آٹھ چوک، بغدادی اور لیمارکیٹ میں رینجرز نے آپریشن کے دوران چار مغویوں کو بازیاب کرالیا، دوسری جانب شہرمیں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا، رینجرز اہلکاروں اور پولیس کانسٹیبل سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ گزشتہ روز لیاری کے علاقے آٹھ چوک سے رینجرز کے دواہلکاروں کے اغواء اور قتل کے بعد رینجرز نے لیاری کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران متعدد افرادکوحراست میں لے لیا۔ آپریشن میں رینجرز کی بھاری نفری نے حصہ لیا، رینجرز حکام کے مطابق آپریشن کے دوران چار مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔ اس دوران لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ رینجرز آپریشن کے خلاف سڑکوں پر ٹائر جلاکر احتجاج بھی کیاگیا۔ ایک اور کارروائی میں رینجرز نے سرجانی ٹاوٴن سیکٹر 7 اے سے دومبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا، رینجرز حکام کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔دوسری جانب ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا سلسلہ بھی نہ رک سکا اور پاک کالونی کے میوہ شاہ قبرستان سے رینجرز کے دو اہلکاروں منیر بلوچ اور اعجاز احمد کی ہاتھ پاوٴں بندھی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔اس سے قبل منگھو پیر ناردرن بائی پاس کے قریب خیرآباد سے دو نوجوانوں کی پھندا لگی لاشیں ملیں۔ دونوں لاشوں کے ساتھ ملنے والی پرچیوں پر ان کے نام بابو افتخار اور مقبول ظاہر لکھے ہوئے تھے، جبکہ پاک کالونی،بلدیہ ٹاوٴن ،ملیر کے علاقے کھوکھرا پار اورگلستان جوہر میں فائرنگ کے واقعات میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے اتحاد ٹاوٴن میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

مزید خبریں :