08 مارچ ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے سپریم کورٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف رینٹل پاور کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے ڈاکٹر شعیب سڈل کی سربراہی میں آزادانہ تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے سپریم کورٹ کے نام خط میں کہا ہے کہ اُن پر بطور وزیراعظم کرپشن کے الزامات ملک کے لیے بدنامی کا باعث ہیں،رینٹل پاور کیس میں منفی پراپیگنڈے سے ان کی دل آزاری ہوئی ، انہو ں نے نیب سمیت کسی بھی تحقیقاتی ادارے پر کبھی اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی ، اعلیٰ عدلیہ نے ڈاکٹر شعیب سڈل کو ارسلان افتخار کیس میں کمیشن کا سربراہ بنایا تھا، سپریم کورٹ اب بھی کمیشن قائم کرے تو ہر وہ قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں،شعیب سڈل کا تحقیقاتی کمیشن ان کے خلاف مفاد پرست ٹولے کے پراپیگنڈے کا پول کھول دے گا۔