26 مارچ ، 2025
ایک پائلٹ اور اس کی 2 نوجوان بیٹیاں ایک طیارے کے ونگ پر 12 گھنٹے تک رہ کر زندہ بچ گئے۔
ان کا طیارہ پرواز کے دوران امریکی ریاست الاسکا کی ایک برفانی جھیل میں جاگرا اور جزوی طور پر ڈوب گیا۔
ان کی مدد ایک اور پائلٹ نے کی جس نے طیارے کو جھیل میں دیکھا۔
ٹیری گوڈیس نامی پائلٹ نے بتایا کہ انہوں نے 23 مارچ کو ایک فیس بک پوسٹ میں گمشدہ طیارے کے بارے میں پڑھا تھا جس میں لوکیٹر ڈیوائس موجود نہیں تھی۔
وہ 24 مارچ کو ایک درجن کے قریب دیگر پائلٹس کے ہمراہ ریاست الاسکا کے اس مشکل علاقے میں گمشدہ طیارے کی تلاش میں روانہ ہوئے۔
ٹیری گوڈیس Tustumena نامی جھیل کی جانب گئے جہاں انہوں نے طیارے کے ملبے کو دریافت کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 'میں نے طیارے کا ملبہ دیکھا تو میرا دل ٹوٹ گیا مگر جب میں نے قریب جاکر دیکھا تو میں نے طیارے کے ونگ کے اوپر 3 افراد کو دیکھا'۔
وہ طیارے کی جانب بڑھتے رہے اور پھر ایک کرشمے کو دیکھا۔
ان کے مطابق 'وہ تینوں زندہ تھے اور حرکت کر رہے تھے، انہوں نے میری طرف ہاتھوں سے اشارے بھی کیے'۔
اس Piper PA-12 Super Cruiser طیارے کے پائلٹ کے ساتھ اس کی 2 بیٹیاں بھی تھیں اور وہ Soldotna سے Skilak جھیل کو فضا سے دیکھنے کے لیے سفر کر رہے تھے۔
یہ ابھی واضح نہیں طیارے میں موجود لڑکیوں کی عمریں کیا تھیں۔
ان تینوں نے 12 گھنٹے طیارے کے ونگ پر رہ کر گزارے اور انہیں 24 مارچ کو وہاں سے ٹیری گوڈیس کی اطلاع کے بعد بچایا گیا۔
ٹیری گوڈیس نے ریڈیو پر طیارے کی لوکیشن کے بارے میں بتایا تھا اور تینوں کو وہاں سے اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے سے تینوں زخمی ہوئے تھے مگر زندگی کو خطرہ لاحق نہیں تھا۔
ٹیری گوڈیس کے مطابق درحقیقت اس خاندان کے ساتھ متعدد کرشمے ہوئے جیسے طیارہ جھیل میں ڈوبا نہیں، وہ تینوں ونگ کے اوپر ٹکے رہے اور رات کے درجہ حرارت کو مقابلہ کرسکے جو کہ منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'تینوں نے ایک طویل، سرد اور تاریک رات طیارے کے ونگ کے اوپر گزاری'۔