08 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی بے امنی عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران آج پھر سپریم کورٹ میں ٹپی ،ٹپی کی صدائیں،بلند ہوئیں۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری بھی دریافت کربیٹھے کہ یہ ٹپی کون ہیں اور کس عہدے پر فائز ہیں۔ کراچی بے امنی کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار محمود اختر نقوی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ٹپی صدرمملکت آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی ہیں اور ان کی حفاظت پر 8پولیس موبائلز اور50اہلکار مامور ہیں اور ان کا کام قیمتی زمینوں پر قبضے کرنا ہے۔اس پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ سے دریافت کیا کہ ٹپی کون ہیں؟ اور کسی پوسٹ پر ہیں۔ اور کیا ٹپی نے8موبائلز اور50پولس اہلکاروں کیلئے کوئی درخواست محکمہ داخلہ یاپولیس کو دی ہے؟اس پر ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ وہ چیک کرکے بتائیں گے کہ ٹپی کو کس کے کہنے پر8موبائلز اور50 پولیس اہلکار دیئے گئے ہیں۔