31 مارچ ، 2025
عیدالفطر کے موقع پر دعوت میں مہمانوں کی تواضع روایتی اور مزیدار کھانوں سے کی جائے۔
عیدالفطر روزے داروں کے لیے اللہ تعالی کا انعام، خوشیوں، مسرّتوں کا دوسرا نام ہے، اس روز چار سُو خوشیوں کے رنگ ہی رنگ بِکھرے نظر آتے ہیں، مَرد و خواتین، بچّے، بوڑھے سب ہی نئے جوڑے زیبِ تن کیے ہوتے ہیں اور خوشیاں مناتے ہیں۔
عید کی کوئی بھی خوشی میٹھے کے بغیر ناممکن ہے اس لیے مہمانوں کو روایتی شیرخُرما پیش کیا جائے، جس کی ترکیب بھی آسان ہے۔
اجزاء: سویّاں چار کپ، دودھ ایک کلو، چھوہارے 7 سے 8 عدد( باریک کاٹ لیں)، بادام 10عدد، پستے 10عدد، سیاہ کشمش آدھا کپ، گھی 2 کھانے کے چمچ، ہری الائچی 6 عدد، لونگ 4 عدد، چینی حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: سب سے پہلے دودھ گرم کریں اور اُس میں چینی ملا کے اس قدرپکائیں کہ وہ خُوب گاڑھا ہوجائے، اب اِس میں چھوہارے ڈال کر کچھ دیر مزید پکائیں، آنچ دھیمی کردیں۔
دوسرے چولھے پر ایک برتن میں گھی ڈالیں اورپھر سبز الائچی اور لونگ شامل کرکے اتنی دیر پکائیں کہ خُوش بُو آنے لگے۔، اس کے بعد بادام، پستہ شامل کرکے ہلکا سا فرائی کرکے ایک طرف رکھ دیں۔
اب ایک اور پین لیں اور اُس میں سویّوں کو ہاتھوں سے کچل کر ڈالنے کے بعد گولڈن براؤن ہونے تک پکائیں، اس کے بعد سیاہ کشمش شامل کر کے درمیانی آنچ پر مزید پکائیں۔
اب اس مرکب میں چھوہاروں کے ساتھ پکا ہوا دودھ، اور بادام پستے کا قوام بھی شامل کردیں، خُوش بُو کے لیے تھوڑا سا کیوڑا شامل کرکے بیس منٹ تک پکائیں، لیجیے، مزے دار شیرخُرما تیار ہے۔