30 مارچ ، 2025
جب آپ کسی تولیے کو دیکھتے ہیں تو ہوسکتا ہے کہ کبھی سوچا ہو کہ آخر اس کے درمیان میں لکیریں کیوں موجود ہوتی ہیں۔
یہ وہ سوال ہے جو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بہت زیادہ وائرل ہوا۔
کچھ صارفین کی جانب سے تو اس سوال کو مذاق کرنے کے لیے استعمال کیا گیا مگر بیشتر ایسے تھے جو اس کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کرتے رہے۔
کچھ کا خیال تھا کہ ان لکیروں سے تولیے کو جلد خشک ہونے میں مدد ملتی ہے۔
مگر اصل جواب کچھ اور تھا اور وہ یہ ہے کہ یہ لکیریں تولیے کو مضبوط بناتی ہیں۔
جی ہاں واقعی ڈوبی بارڈر نامی یہ لکیریں تولیے کی زندگی کو طویل بنانے کا کام کرتی ہیں۔
یہ لکیریں تولیے میں پانی جذب ہونے کے عمل کو بہتر بناتی ہیں جبکہ متعدد بار استعمال یا دھونے پر بھی تولیے کے ریشوں کو خراب ہونے سے بچاتی ہیں۔
تولیے تیار کرنے والی ایک کمپنی کے مطابق پانی کو جذب کرنا کسی اچھے تولیے کی اہم ترین خصوصیات میں سے ایک ہے مگر تولیے کی موٹائی اور کارکردگی کے درمیان مثالی توازن برقرار رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ لکیریں اس توازن کو یقینی بناتی ہیں جبکہ تولیے کے کناروں کو بہت زیادہ بھاری ہونے سے بھی بچاتی ہیں اور یہ بات بھی یقینی بناتی ہیں کہ تولیہ بدستور نرم اور ہلکے وزن کا رہے۔
عملی استعمال کے ساتھ ساتھ یہ تولیے کی خوبصورتی کو بڑھانے کا کام بھی کرتی ہیں۔