11 اپریل ، 2025
چین میں ایک خاتون نے اپنے پالتو کتوں کے لیے ملبوسات اور دیگر چیزوں کے لیے 20 لاکھ یوآن (ساڑھے 7 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کردیے۔
درحقیقت خاتون نے کتوں کے لیے ایک وارڈ روب بھی تیار کرائی ہے۔
اس خاتون کا اصل نام تو سامنے نہیں آیا مگر بلکہ آن لائن یوزر آئی ڈی @yikemochi سامنے آئی ہے۔
شنگھائی سے تعلق رکھنے والی خاتون کے پاس 3 کتے ہیں، ایک 6 سالہ موچی، 5 سالہ ملکی اور 3 سالہ پیگی۔
Yikemochi نے بتایا کہ ان 2 کتے ہیئر کلپس بھی استعمال کرتے ہیں جبکہ ایک ایسا نہیں کرتا۔
ایک ویڈیو میں خاتون نے اپنے کتوں کی متاثر کن وارڈ روب اور زیورات کے اسٹینڈ کو دکھایا۔
خاتون نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے کتوں کے ڈھائی ہزار سے زائد ملبوسات اور دیگر اشیا پر 20 لاکھ یوآن خرچ کیے ہیں۔
ان کتوں کے پاس 4 سے 5 ہزار یوآن مالیت کی جیکٹیں ہیں، 3 ہزار یوآن کے جمپر، اسکرٹس، ڈزنی تھیم پر مبنی ملبوسات اور متعدد دیگر کپڑے موجود ہیں۔
اسی طرح وارڈ روب میں ہیئر کلپس، سن گلاسز، پلکیں اور ننھے ہینڈ بیگز بھی موجود ہیں۔
خاتون کے مطابق وہ اکثر ملبوسات کی خریداری کے لیے جنوبی کوریا اور جاپان جاتی رہتی ہیں اور کچھ اشیا کو انہوں نے اٹلی سے آن لائن خریدا ہے۔
ان کے کتے باغات، شاپنگ سینٹرز اور دیگر مقامات پر کسی ماڈل کی طرح پوز دیتے ہیں اور ہمیشہ کیمرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
خاتون کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی آمدنی کا ذریعہ کیا ہے۔