پاکستان
11 مارچ ، 2013

دنیا کا امن پاکستان سے منسلک ہے، گیس منصوبہ اہم ہے، صدر زرداری

دنیا کا امن پاکستان سے منسلک ہے، گیس منصوبہ اہم ہے، صدر زرداری

گبد ، ایران … ایرانی صدر احمدی نژاد کا کہنا ہے کہ پاکستان زرعی شعبے میں ایران سے تعاون کررہا ہے اور پائپ لائن منصوبہ دونوں ممالک کو مزید قریب لائے گا، صدر زرداری نے کہا کہ دنیا کا امن پاکستان کے امن سے منسلک ہے اورگیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر پاک ایران سرحدی پوائنٹ گبد زیرو پر کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماوٴں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور آج کے دن کو تاریخی دن قرار دیا۔ ایرانی صدر نے اپنے عزم کا اظہار کیاکہ عالمی دباوٴ کے باوجود گیس منصوبے کو مکمل کریں گے اور اگر پاکستان چاہے تو منصوبے کو پاکستان کے شمال تک توسیع دی جاسکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مستقبل میں پاکستان کو بجلی بھی فراہم کریں گے۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی دنیا کو بہت مشکلات کا سامنا ہے اور ان حالات میں پاکستان کا کردار کلیدی ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور ایران مذہب و ثقافت کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں اور ہمیں اپنے استحکام کیلئے ایران سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :