12 مارچ ، 2013
کراچی…ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز نے تین ماہ کے دروران کراچی میں پندرہ بڑے آپریشن کیئے،96 چھاپے مارے، اس دوران 450 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے سینکڑوں ہتھیار بھی برآمد کئے۔رینجرز ہیڈ کوراٹرز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ رینجرز کرنل شفیق نیازی نے بتایا کہ گرفتار شدگان میں 49 بڑے ٹارگٹ کلرز اور بھتا خور شامل ہیں جن کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام علاقوں میں اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے بعد رینجر کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اب تک رینجرز کے سات اہلکاروں ں کو شہید اور 14 کو زخمی کیا جا چکا ہے۔کرنل شفیق نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر ناظم آباد رینجرز ہیڈ کواٹر پر ہونے والے دھماکے سے متعلق اہم شواہد ملے ہیں اور جلد ہی ملزمان کو پکڑ لیا جا ئیگا۔انہوں نے بتایاکہ رینجرز کو تفتیش کے کبھی اختیارات نہیں ملے ہیں۔