12 مارچ ، 2013
اسلام آباد…یونی ورسٹیوں کی بجلی نہیں کٹے گی، گیس کے میٹر نہیں اتارے جائیں گے، پانی بند نہیں ہوگا۔ بسوں کا ایندھن ختم نہیں ہوگا اور طالب عملوں کو وظیفے مل جائیں گے کیونکہ وزارت خزانہ نے ہائر ایجوکیشن کے لیے 9 ارب روپے جاری کردیئے ہیں۔ اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کوبتایا کہ تین ارب روپے کے فنڈز ترقیاتی منصوبوں کی مد میں جاری کیے گئے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں صرف دو ارب 40 کروڑ روپے جاری ہونے کا علم ہے جبکہ اس سہ ماہی میں تین ارب30 کروڑ روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جاری ہونا تھے۔ پانچ مارچ کو وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان ملاقات میں ہنگامی بنیادوں پر 9 ارب روپے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس میں تین ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے، تین ارب روپے جاری اخراجات کے لیے اور تین ارب روپے تن خواہوں میں اضافے کی مد میں جاری ہونا تھے اور ایک ہفتے کے بعد ایچ ای سی نے ان فنڈز کی فراہمی کی تصدیق بھی کردی ہے۔