12 مارچ ، 2013
اسلام آباد…قومی احتساب بیور و نے گریڈ 18 سے گریڈ 21 تک کے بارہ افسروں کی ترقیوں کے نوٹی فی کیشن جاری کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب سعید سرگانہ کے داماد رمضان ساجد کو نیب میں ڈیپوٹیشن پر گریڈ بیس میں تعینات کردیا گیا ہے۔ جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کی زیر صدارت کچھ روزقبل ہونے والے پروموشن اور سلیکشن بور ڈ کے اجلاس میں بارہ افسروں کی ترقیوں کی منظوری دی گئی تھی ، جس کے بعدنوٹی فی کیشن جاری کیے گئے۔ گریڈ بیس سے اکیس میں جانے والے تین افسران بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی، کرنل ریٹائرشہزاد انور بھٹی اور صبح صادق شامل ہیں جبکہ گریڈ انیس سے بیس میں ترقی پانے والے افسروں میں ظفر اللہ خان ، مرزا عرفان بیگ، توحید الحسن ، مجاہد اکبر بلوچ، عبدالحفیظ خان اور رضا خان شامل ہیں۔ اسی طرح محمد یونس ، غازی رحمان اور کرنل ریٹائرڈ اسحاق کو گریڈ 19 میں ترقی دی گئی ہے۔