12 مارچ ، 2013
کراچی…لاہورمیں مسیحی آبادی کے گھر جلائے جانے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں آج بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔بادامی باغ لاہورواقعے کے خلاف سرگودھا میں کیتھولک چرچ سے احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ شرکا نے پریس کلب کے باہر دھرنا دیا اور مسیحی افراد کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔گوجرہ میں پاک بل گرجاگھر سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔بہاول نگراوربہاول پور میں مسیحی برادری نے متاثرین بادامی باغ سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے۔حیدرآباد میں ایم کیوایم اقلیتی ونگ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیاگیا۔چمن میں عیسائی کمیونٹی نے پریس کلب کے باہر جبکہ چارسدہ میں فاروق اعظم چوک پر مظاہرہ کیا۔