17 مئی ، 2025
سکیورٹی امور کی امریکی ماہر اور تجزیہ کار کرسٹین فیئر نے پاکستان کے حق میں بات کرتے ہوئے بھارتیوں کو کھری کھری سنادیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے سکیورٹی امور کی امریکی ماہر اور تجزیہ کار کرسٹین فیئر نے کہا کہ جس طرح بھارتی مانتے ہیں کہ کشمیر میں ہونے والی ہر بات کے پیچھے پاکستان ہوتا ہے بالکل اُسی طرح پاکستانیوں کو یقین ہے کہ خاص طور پر بلوچستان میں ہونے والے ہر دہشتگرد حملے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہوتا ہے۔
کرسٹین فیئر نے کہاکہ بھارتی ناظرین اس بارے میں بات نہیں کرتے، یہ سننا بھی نہیں چاہتے کہ کبھی کبھار بھارت حد سے تجاوز کر جاتا ہے۔
امریکی دفاعی تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ بھارتی صحافی اویناش پالیوال نے اپنی کتاب My Enemy's Enemy میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد پیش کیے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی دفاعی تجزیہ کار کرسٹین فیئر نے پاکستان کے طیارے مار گرانے کا بھارتی دعویٰ بکواس قرار دیا تھا۔
ایک پروگرام میں بھارتی صحافی نے سوال کیا کہ بھارتی ائیرفورس کے ڈی جی ملٹری آپریشنز نے پاکستان کےکئی طیارے گرانےکا دعویٰ کیا اور کہا کہ ان کے پاس تعداد ہے لیکن وہ بتانا نہیں چاہتے، اسے آپ اسے کیسے دیکھتی ہیں؟
جواب میں کرسٹین فیئر نےکہا تھا کہ وہ اسے ایک بکواس کے طورپر دیکھتی ہیں کیونکہ اس دعوے کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔