13 مارچ ، 2013
لاہور … سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ ہم خیال کے صدر ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ صوبوں میں نفرتیں ختم کرکے ملک کو مضبوط بنانا ہوگا، سندھ میں مس مینجمنٹ چھپانے کیلئے پنجاب پر الزام لگادیا جاتا ہے، ان کے دور میں صوبوں کو لڑانے کی بجائے اپنا گھر ٹھیک کیا گیا۔ الحمرا ہال لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ سندھ میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سب کے سامنے ہے پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کو کچھ نہیں دیا اور اپنی مس مینجمنٹ کا الزام پنجاب پر لگادیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے لوگوں کو اچھی اور بری گورننس کا احساس دلا نے کے ساتھ ساتھ سیاستدانوں کا بھی ایکسرے کردیا ہے، پیپلزپارٹی نے لوگوں کے جذبات سے کھیل کر ووٹ لئے ، اب کس نام سے لے گی۔ اس موقع پر ہمایوں اختر خان کا کہنا تھاکہ عوام الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کو فارغ کر دیں گے۔