پاکستان
14 مارچ ، 2013

شاہ زیب قتل کیس: مدعی اور میڈیکولیگل افسر کا بیان قلمبند

شاہ زیب قتل کیس: مدعی اور میڈیکولیگل افسر کا بیان قلمبند

کراچی … انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس میں مدعی اور میڈیکو لیگل آفیسر کا بطور گواہ بیان قلمبند کرلیا جبکہ مدعی کے وکیل الیاس خان ایڈووکیٹ نے مقدمے سے متعلق در پردرہ شکوک وشبہات کے پیش نظر اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج غلام مصطفی میمن کی عدالت میں جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر جلیل کھتری کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ ڈاکٹر جلیل نے بتایا کہ انہوں نے شاہ زیب کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا ، اس کی لاش رات ساڑھے 3 بجے جناح اسپتال لائی گئی اور اسے عقب سے 2 گولیاں ماری گئیں تھیں جو سینے سے باہر نکل گئی تھیں۔ ڈاکٹر جلیل کے بیان پر وکلاء صفائی نے جرح مکمل کی۔ مقتول شاہ زیب کے والد مدعی مقدمہ ڈی ایس پی اورنگزیب کا بیان قلمبند کیا گیا اور جرح کی گئی۔ سماعت شروع ہونے سے قبل عدالت میں جمع کی گئی تحریری درخواست میں مدعی کے وکیل الیاس خان ایڈووکیٹ نے مقدمے کی پیروی سے دستبرداری ظاہر کی۔ انہوں نے موٴقف اختیار کیا کہ مقدمے میں آنے والے حالات اور پس پردہ شکوک و شبہات کی بنا پر وہ اپنا وکالت نامہ واپس لے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق مقدمے کی سماعت روزانہ کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :