14 مارچ ، 2013
پشاور…چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ جسٹس دوست محمد خان نے کہاہے کہ ریلوے کی 80فیصد زمینوں پرلینڈ مافیانے قبضہ کررکھاہے۔ ریلوے میں بھرتی کے ایک مقدمہ کی سماعت میں پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمدخان کا کہناتھا کہ ریلوے کی زمین اوراثاثے ختم ہوچکے، لیکن ریلوے پولیس کا آئی جی ،چارڈی آئی جیز اورہزاروں پولیس نفری کے ساتھ موجود ہے۔ جن کا کوئی کام نہیں۔ لیکن سرکاری خزانے پربوجھ ہیں۔ان کا کہناتھا کہ ملکی ادارے تباہ حال ہیں اور وہ حیران ہیں کہ یہ ملک چل کس طرح رہا ہے۔ چیف جسٹس کا کہناتھا کہ 140میں سے صرف39ریلوے انجن کام کررہے ہیں۔لیکن نئی بھرتی ہورہی ہے۔ انہوں نے مقدمہ کی اگلی سماعت میں آئی جی ریلوے اورحکام کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی۔