پاکستان
14 مارچ ، 2013

تحریک طالبان کراچی کے امیر سمیت بم دھماکوں میں ملوث 5 دہشتگرد گرفتار

تحریک طالبان کراچی کے امیر سمیت بم دھماکوں میں ملوث 5 دہشتگرد گرفتار

کراچی … کراچی میں پولیس نے آج انٹیلی جنس اداروں کے تعاون سے اہم آپریشن کیا، عباس ٹاوٴن دھماکے میں ملوث تحریک طالبان کراچی کے امیر شیرعالم محسود سمیت 5 بڑے دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔ حساس اداروں کی اطلاعات پر کراچی کے مضافات میں گڈاپ ٹاوٴن، سپر ہائی وے ناردرن بائی پاس پر واقع ایک افغان بستی پر چھاپے کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 کارکنوں منصور اور انعام اللہ کو ان کے ٹھکانوں سے گرفتار کرلیا گیا،جن کی نشاندہی پر قانون کا آہنی ہاتھ پوری قوت کے ساتھ حرکت میں آیا، آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیوں نے بھی حصہ لیا جن میں امکان ہے کہ فون کال ٹریسر یا موبائل ٹریکننگ سسٹمبھی موجود تھے، ان کے ساتھ کمانڈوز کو لئے ہوئے 4 بلٹ پروف گاڑیاں بھی تھیں اور پچیس پولیس موبائلیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دیگر گاڑیوں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔ کالعدم تنظیم کا ایک اور اہم رکن شیر عالم محسود جس کے ٹھکانے کی طرف پہنچانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ حساس اداروں کے مخبروں نے بھی اپنا کردار بھر پور طریقے سے نبھایا اور فورسز نے کسی نقصان کے بغیر اس کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان الآصف بم دھماکے، عباس ٹاوٴن بم دھماکے ،کراچی میں فورسز و پولیو ٹیم پر حملے اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے ہیں۔ کراچی پولیس کے مطابق صبح گرفتار کئے جانے والے منصور نے اعتراف کیا کہ اس نے اور انعام اللہ نے ہی بارود سے بھری پک اپ عباس ٹاوٴن پہنچائی تھی، 150 کلو گرام بارود سے بھری پک اپ گنجان آباد بستی میں کھڑی کرکے منصور اور انعام اللہ موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق شیر عالم محسود کالعدم تحریک طالبان کراچی کا امیر ہے جس کی گرفتاری انتہائی اہم کامیابی بھی قرار دی جارہی ہے۔

مزید خبریں :